کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام کسی ملک کی خواہش نہیں ہوتا۔پی ٹی آئی کے 4 سالہ زخم سے نمٹنے کے لیے ضروری تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جاتے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچاتے ۔ ۔تحریک انصاف کو عوام نے مسترد کردیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سیاسی قیدی نہیں ان کو رہائی صرف عدالتوں سے مل سکتی ہے،اسٹیبلشمنٹ یا حکومت کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے،،وہ پیر کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن ودیگر بھی موجود تھے،کلب آمد پر سیکریٹری سہیل افضل خان ودیگر باڈی کے افراد نے ان کو خوش آمدید کہا،احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے بھی اگر پاکستان آجائیں 5 اگست کا احتجاج کامیاب نہیں ہوسکے گا، عمران خان نے جو ساڑھے 3 سال میں گند پھیلائی ہے اس کو صاف کرنے میں عرصہ درکار ہوگا،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام کسی ملک کی خواہش نہیں ہوتا،پی ٹی آئی کے 4 سالہ زخم کو ختم کرنے کے لئے آئی ایم ایف کے پاس گئے ہیں،اس کا مقصد ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانہ ہے،انہوں نے کہا کہ آئندہ 4 سالوں میں ملک کو وہاں لے جائیں گے کہ یہ اڑان واپس نہیں جائے گی۔وزیراعظم جلد کراچی میں گرین لائن فیز 2توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو مارشل لاءادوار میں بھی ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھاجاتا تھا۔اپوزیشن دور میں بھی اکثر آپ دوستوں سے ملاقات ہوئی۔سوچا کہ حکومت میں بھی آپ سے یہاں ملاقات کی جائے۔صحافیوں کی معاشی ٹریننگ کریں گے۔کراچی پریس کلب بھی ایم او یو کر کے اس کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 1 ہزار 68 ارب روپے ترقیاتی بجٹ پر خرچ کیے۔حکومت نے سب سے زیادہ اہمیت بلوچستان کی ترقی کو دی ہے۔پاکستان ایکسپریس وے بلوچستان میں پہلی بین الاقوامی معیار کی شاہراہ ہوگی۔سکھر حیدرآباد موٹروے کا نامکمل حصہ بھی بجٹ میں ڈالا ہے۔3 سالوں میں اس کو بھی مکمل کریں گے۔یہ 2018 کا منصوبہ تھا، 2022 میں اسے مکمل ہونا تھا۔پی ٹی آئی نے اسے ترک کیا۔اس وجہ سے اس کے لاگت کئی گنا بڑھ گئی۔۔اس سے منسلک سندھ حکومت کا بھی ایک منصوبہ ہے جس کے ساتھ مل کر اسے مکمل ہونا ہے۔امید ہے کہ سندھ حکومت بھی اسے مکمل کرے گی۔