• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح، 195 مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل

پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے سولرائزیشن منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا جس کے تحت 195 مراکز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا اور مریضوں کو دن رات طبی سہولیات کی فراہمی بنائی جائے گی۔ منصوبے کا افتتاح مشیر صحت احتشام علی نے دیہی مرکز صحت ریگی للمہ، پشاور میں 20 کے وی سولرائزیشن منصوبے سے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت خیبرپختونخوا شاہد اللہ، ہیلتھ کیئر امپرومنٹ پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر بلال، محکمہ صحت کے افسران، مقامی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔احتشام علی نے کہا کہ صوبے میں بنیادی صحت کی سہولیات کو جدید، پائیدار اور خود کفیل بنانے کے لئے محکمہ صحت نے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں، ہیلتھ کیئر امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت آئندہ چھ ماہ کے دوران 195 پرائمری ہیلتھ کیئر مراکز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جن میں کیٹیگری سی اور ڈی مراکز صحت شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پشاور، نوشہرہ، صوابی اور ہری پور کے چار اضلاع میں 9 مراکز صحت کی سولرائزیشن کا عمل جاری ہے، جن میں سے پشاور میں تین مراکز صحت کو اس مرحلے میں سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں ریگی للمہ کاآر ایچ سی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی بدولت ان مراکز میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہوگی، جس سے عوام کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات دن رات میسر آ سکیں گی، اس اقدام سے نہ صرف صحت کی سہولیات مستحکم ہوں گی بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ کی جانب بھی ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ان مراکز صحت کی مرمت و تزئین اور جدید طبی آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ یہ مراکز 24/7 فعال رہ سکیں۔
پشاور سے مزید