• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی بی ایس تمام شراکت داروں کی ڈیٹا تک رسائی اور استعمال کو مزید آسان بنائیگا

پشاور(جنگ نیوز)پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) اور اقوام متحدہ کا فنڈ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) کے باہمی اشتراک سے پشاور کے مقامی ہوٹل میں ʼʼڈیٹا کی تشریح اور استعمالʼʼ کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ یہ ورکشاپ 29 تا 31 جولائی 2025ء منعقد ہو رہی ہے جس کا مقصد خیبرپختونخوا کے سرکاری اداروں کو پاکستان ادارہ شماریات کے وسیع ڈیٹابینک کے مؤثر استعمال کیلئے بااختیار بنانا اور شواہد کی بنیاد پر منصوبہ بندی کو فروغ دینا ہے۔ورکشاپ میں خیبرپختونخوا کے مختلف محکموں بشمول منصوبہ بندی و ترقیات، تعلیم، صحت، خزانہ، بلدیات و دیہی ترقی، مواصلات و تعمیرات، زراعت، محصلات، محنت و روزگار اور معیشت سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران، محققین، اور ماہرین نے شرکت کی ۔پاکستان ادارہ شماریات کے سینئر ممبر (سپورٹ سروسز، ریسورس مینجمنٹ)محمد سرور گوندل (ستارہ امتیاز) نے افتتاحی نشست سے خطاب میں ادارے کی اہم سرگرمیوں اور دستیاب ڈیٹاسیٹس پر مبنی پالیسی سازی میں پی بی ایس کے کردار پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کو ڈیٹا کے عملی استعمال کی مثالیں بھی پیش کیں اور ڈیٹا فیسٹ 2025ء میں شرکت کی دعوت دی جو 11-12 نومبر 2025ء کو پاک-چائنہ فرینڈشپ سنٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔چیف اسٹیٹسٹیشن پاکستان، ڈاکٹر نعیم ظفر (ستارہ امتیاز) نے ورکشاپ کی صدارت کرتے ہوئے پائیدار ترقی اور مؤثر طرزِ حکمرانی میں قابلِ اعتماد شماریاتی ڈیٹا کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی بی ایس قومی و صوبائی سطح پر تمام شراکت داروں کی ڈیٹا تک رسائی اور استعمال کو مزید آسان بنائے گا۔
پشاور سے مزید