• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں پہلا ’’انٹگریٹٹڈ کریمنل جسٹس سسٹم‘‘ متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور( آصف محمود بٹ)پنجاب میں نظام عدل کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور فوجداری انصاف کی فراہمی کو شفاف، تیز رفتار اور مؤثر بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ملک کا پہلا مربوط فوجداری نظام انصاف (Integrated Criminal Justice System - ICJS) متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ اس انقلابی منصوبے کو لاہور ہائی کورٹ کی معزز چیف جسٹس کی خصوصی ہدایات پر پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ انتظام تشکیل دیا جا رہا ہے جو آئندہ تین سے چار ماہ میں باقاعدہ طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اس کا بنیادی مقصد عدلیہ، پولیس، پراسیکیوشن اور جیل خانہ جات جیسے کلیدی اداروں کو ایک مربوط، ریئل ٹائم ڈیجیٹل فریم ورک میں یکجا کرنا ہے۔ فی الوقت ان اداروں کے مابین ابلاغ کے لیے کوئی مرکزی نظام موجود نہیں، ہر محکمہ علیحدہ علیحدہ ڈیٹا سسٹمز جن میں PSRMS (پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ) CFMS(کیس فلو مینجمنٹ سسٹم) CMS (کورٹ مینجمنٹ سسٹم) اور PMIS (پرزنز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم) شامل ہیں استعمال کر رہے ہیں جس کے باعث معلومات کی تکرار، عدالتی تاخیر، محدود بین الاداراتی رابطہ کاری اور غیر ضروری انتظامی پیچیدگیاں جنم لے رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید