• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر مختار کی مدت مکمل، ندیم محبوب قائم مقام چیئرمین ایچ ای سی مقرر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیرِاعظم پاکستان ، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے کنٹرولنگ اتھارٹی بھی ہیں، نے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی مشاورت سے وزارتِ تعلیم کے سیکریٹری، ندیم محبوب کو ایچ ای سی اسلام آباد کا قائم مقام چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری ایچ ای سی آرڈیننس 2002 کی شق 8(3) کے تحت کی گئی ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ندیم محبوب یہ ذمہ داری تین ماہ یا مستقل چیئرمین کی تقرری تک، جو بھی پہلے ہو، موجودہ عہدے کے ساتھ نبھائیں گے۔ ڈاکٹر مختار احمد کی بطور چیئرمین ایچ ای سی مدت منگل کو مکمل ہو گئی، جس کے ساتھ ہی ان کا ایک سالہ متنازعہ توسیعی دور بھی اختتام کو پہنچا۔ وہ پہلے ہی دو مکمل مدتیں پوری کر چکے تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم اور سرچ کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کسی بھی مزید توسیع کے امکان کو قطعی طور پر رد کر دیا ہے۔ ڈاکٹر مختار احمد کی مدت مکمل ہونے کے بعد، ان کا انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) کے قائم مقام ریکٹر کے طور پر عہدے پر برقرار رہنا بھی غیر قانونی ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ عہدہ ex officio یعنی عارضی طور پر چیئرمین ایچ ای سی یا کسی مستقل رکن کو زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لیے تفویض کرنے کی اجازت دی تھی، لیکن ڈاکٹر مختار پہلے ہی آٹھ ماہ سے زائد کا عرصہ گزار چکے ہیں۔ اس بنا پر اب ایچ ای سی کے کسی مستقل رکن یا موجودہ قائم مقام چیئرمین کو قائم مقام ریکٹر IIUI مقرر کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ادھر، چیئرمین ایچ ای سی کے تقرر کے لیے بنائی گئی سرچ کمیٹی کا چوتھا اجلاس آج 30 جولائی 2025 کو منعقد ہوگا۔ یہ کمیٹی 17 جون کو تشکیل دی گئی تھی، تاہم تاحال نامعلوم وجوہات کی بنا پر چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کرنے کا اشتہار جاری نہیں کر سکی۔
اہم خبریں سے مزید