• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی صارفین کیلئے بڑا ریلیف، حکومت 53.4 ارب روپے واپس کریگی

اسلام آباد(اسرار خان/ناصر چشتی) بجلی صارفین کیلئے بڑاریلیف،حکومت 53.4ارب روپے واپس کریگی۔ مالی سال 2024-25 کی آخری سہ ماہی کیلئے منفی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ نافذ کرنے کی تیاری۔فیسکو، لیسکو اور میپکو صارفین کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے صارفین سے 3.594ارب وصول کرنیکی درخواست کی ہے۔نیپرا کا کہنا ہے کہ وفاقی پالیسی کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ برقرار رکھنے کے اصول کے تحت کےالیکٹرک کے صارفین کو بھی یہ ریلیف دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت مالی سال 2024-25 کی آخری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے منفی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ نافذ کرنے جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین، بشمول کےالیکٹرک ، کو اپنے بجلی کے بلوں میں 53.4 ارب روپے کی واپسی ملے گی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 4 اگست کو سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA-G) کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست پر عوامی سماعت کرے گی۔ اس درخواست میں ٹیرف میں کمی کی تجویز دی گئی ہے، جو بنیادی طور پر نجی اور سرکاری بجلی گھروں کے ساتھ مذاکرات کے بعد کم ہونے والی کپیسٹی پیمنٹس کی بنیاد پر ہے۔CPPA-G کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے لیے تجویز کی گئی ہے، جو 15.579 ارب روپے ہے، اس کے بعد لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے لیے 12.758 ارب روپے اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے لیے 8.467 ارب روپے کی کمی تجویز کی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید