کراچی(نیوز ڈیسک)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں کوالٹی کونسل کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تمام اداروں کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کیو ای سی (QEC) ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ثریا خاتون بھی موجود تھیں۔ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حالیہ دنوں میں جامعہ میں ایچ ای سی کے تحت آر آئی پی ای اور پی جی پی آر کی رپورٹنگ کے عمل کو مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں مختلف فیکلٹی ممبران اور اسٹاف شامل تھے، جنہوں نے مقررہ وقت کے اندر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تمام معیارات کے مطابق RIPE رپورٹ تیار کی اور مطلوبہ شواہد کے ساتھ جمع کروائی۔ مبصرین نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور بہت سارے اہداف کو مکمل کرنے پر جامعہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور بہتری کے لیے مزید تجاویز بھی پیش کیں ۔ اجلاس میں مبصرین کی تجاویز پر عملدرآمد کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ڈاکٹر عثمانی نے مزید بتایا کہ جے ایس ایم یو پاکستان کی ان چند جامعات میں شامل ہے جنہوں نے نہ صرف ریوائزڈ انسٹیٹیوشنل پرفارمنس ایویلیشن (RIPE) کے تمام تقاضے مکمل کیے بلکہ ان پر مؤثر عمل درآمد بھی شروع کر دیا، جو کہ ایچ ای سی کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے عین مطابق ہے۔وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر امجد سراج میمن نے اس کامیابی پر ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی کی قیادت، صلاحیت اور ٹیم کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔