اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)نوجوانوں کی جمہوری طرز حکمرانی میں شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (PILDAT) کے درمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ (LOI) پر دستخط کیے گئے۔شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کی جمہوری عمل میں شمولیت اور نوجوان قیادت کی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہے، یہ اجلاس وزیراعظم آفس میں چیئرمین PMYP رانا مشہود احمد خاں کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔یہ معاہدہ، جو دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں طے پایا، نوجوانوں میں باشعور اور فعال شہریت کو فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کرتا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کی جمہوری عمل میں شمولیت کو بڑھانا اور نوجوانوں کی قیادت کی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہے۔اس تعاون کے تحت PMYP اور PILDAT کئی مشترکہ اقدامات کریں گے جن میں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان اور ڈیموکریسی ٹاکس جیسے شہری شمولیت کے پروگراموں کا ڈیزائن اور نفاذ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے تربیتی ورکشاپس اور لیڈرشپ ڈیولپمنٹ پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔