اسلام آباد (پی پی آئی) سینیٹ کی تجارت، خزانہ اور محصولات سے متعلق مشترکہ کمیٹی نے بدھ کے روز پاکستان ۔ ایران بارٹر تجارت کے طریقہ کار 2023میں اہم اصلاحات کی تجویز پیش کی، جسکا مقصد بلوچستان کے راستے پاکستان اور ایران کے درمیان قانونی تجارت کو فروغ دینا ہے۔ سینٹر انوشہ رحمان اور سینٹر سلیم مانڈوی والا کی قیادت میں کمیٹی نے ایس آر او 642(1)/2023 کے تحت موجودہ رکاوٹوں کا جائزہ لیا اور وزارت تجارت پر زور دیا کہ وہ سرحد پار اشیاء کے تبادلے میں رکاوٹ بننے والی طریقہ کار کی رکاوٹوں کو دور کرے۔ ایک اہم تجویز میں دور دراز علاقوں میں تاجروں کیلئے ڈیجیٹل ضروریات کو آسان بنانا شامل ہے۔ اگرچہ پاکستان سنگل ونڈو (PSW) اور ویب اوک کے ذریعے کسٹم رجسٹریشن جاری رہے گی، لیکن قابل اعتماد انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والوں کیلئے دستی ڈیٹا جمع کرانے کی اجازت ہوگی۔ پینل نے 90 دن کے نیٹ آف رول پر نظر ثانی کی وکالت کی۔