اسلام آباد(نمائندہ جنگ )پاکستان بھارتی لیڈران کی جانب سے لوک سبھا میں نام نہاد آپریشن سندورپر بحث کے دوران کئے گئے بے بنیاد دعوں اور اشتعال انگیز بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، یہ بیانات حقائق کو مسخ کرنے، جارحیت کو جواز دینے اور ذاتی مقاصد کے لئے تنازعات کو سراہنے کی خطرناک روش کی عکاسی کرتے ہیں ‘بھارتی حکمرانوں کو اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی مسلح افواج کے نقصانات اور جنگ بندی کو ممکن بنانے میں تیسرے فریق کے فعال کردار کو تسلیم کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث کے حوالے سے میڈیا کے سوالات پر ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت نے پہلگام حملے کے حوالے سے کوئی قابل تصدیق ثبوت یا معتبر تحقیقات کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا، 6 اور 7 مئی 2025 کی درمیانی رات بھارت نے نام نہاد دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں درحقیقت معصوم مردوں، خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی، بھارت اپنے کسی بھی اسٹرٹیجک مقصد میں کامیاب نہیں ہوا۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے بھارتی لڑاکا طیاروں اور فوجی اہداف کو ناکارہ بنانے میں حاصل کی گئی شاندار کامیابی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔