کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکی شہرلاڈر ہل میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تینوں میچبراورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سیریز کے آغاز پر سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے تیاریاں مکمل ہیں،سیریز کے لئےامریکا میں آکر بڑ اچھا لگ رہا ہے ،فورٹ لاؤڈرہل کا گراؤنڈ بڑ ااچھا لگ رہا ہے اور ایک اچھی سیریز کے منتظر ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے آغاز پرکپتان سلمان علی آغا نے کہاہم اس شاندار وینیو پر کھیلنے کے منتظر ہیں اور ہمارا یہاں اب تک کا وقت دلچسپ رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ تین ٹوئینٹی بھی اچھے ہوں گے اور ایک ٹیم کے طور پر ہم میدان میں اترنے کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔ ہمارےاسکواڈ میں نوجوانوں اور تجربے کا عمدہ امتزاج ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہم ایک اور ٹی ٹوئینٹی سیریز میں جارہے ہیں کیونکہ ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں تیزی آرہی ہے۔ ویسٹ انڈیز ایک مضبوط ٹیم ہے حالانکہ ان کے نتائج حال ہی میں ٹھیک نہیں آرہے ہیں پر اس سیریز میں ان کو ہمیں ہرانے کیلئےاپنا بہترین کھیل کھیلنا پڑے گا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا پلہ بھاری رہا ہے اس نے کھیلے گئے 21میں سے15میچ جیتے ہیں صرف 3میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ 3میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز 2021میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے ایک صفر سے جیتی تھی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں امریکا میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گی ۔8 ۔10 اور 12اگست کو یہ میچز برائن لارا اکیڈمی ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلے جائیں گے۔بابر اعظم،محمد رضوان،شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کراچی سے روانہ ہوں گے۔