• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، متعصب اور کرکٹ مخالف رویے کے باوجود پاکستانی کرکٹرز کی بھارتی تماشائیوں میں مقبولیت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت نے گروپ میچ کے بعد سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کردیااور راہ فرار اختیار کی ۔بھارت کے متعصب اور کرکٹ مخالف رویے کے باوجودپاکستانی کرکٹرز کی بھارتی تماشائیوں میں مقبولیت میں کمی نہ آسکی۔بھارتی تماشائی پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ تصاویر بنواتے رہے اور ان کے حق میں معرے بازی کرتے ہوئے دکھائی دیئے۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی فینز کی خواہش پر ان کے ساتھ سیلفی لی اور اس کی ویڈیو شیئر کی۔وہ سب سے زیادہ مقبول دکھائی دیئے۔پاکستان کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں حال ہی میں سنچری اسکور کی ہے۔ انہوں نے بھی گراؤنڈ میں شائقین کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور ایک بھارتی پرستار کی خواہش پر اپنے کرکٹ گلوز اس کو تحفے میں دیئے۔سابق کپتان راشد لطیف نے سوال اٹھایا ہے کہ یہ آئی سی سی سے منظورشدہ ٹورنامنٹ نہیں ہے،پرائیویٹ لیگز کس طرح پاکستان کا نام استعمال کرتی ہیں۔