اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظام کی فتح کا دن ہے، آئندہ کوئی بھی 9 مئی جیسی گھناؤنی سازش کرنے کی جرت نہیں کر سکے گا‘شرپسند عناصر کو قانون و آئین کے تحت سزائیں دی گئی ہیں‘ دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف سارے فیصلے سیاسی بنیادوں پر کیے گئے ہیں‘ان کو چیلنج کریں گے ‘کور کمیٹی عمران خان کے سامنے یہ فیصلے رکھے گی اور پھر ایوان میں رہنا ہے یا اس کا بائیکاٹ کرنا ہے یا کیا تحریک چلانی ہے اس کا فیصلہ عمران خان کریں گےجبکہ پی ٹی آئی ترجمان کاکہنا ہے کہ ان فیصلوں کا اصل مقصد 5 اگست کے عوامی احتجاج کو روکنے کی منظم کوشش ہے ‘ عدلیہ اب خود اس فسطائی نظام کا حصہ بن چکی ہے۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو عناصر سمجھتے تھے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، آج کے عدالت کے فیصلے نے ان کے خدشات دور کر دیئے ہیں۔