• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا معاہدہ، ٹیرف 15 سے 19 فیصد تک ہونے کا امکان

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان اور امریکہ نے ایک تجارتی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت باہمی بنیادوں پر ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔ اس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا، منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری راغب ہوگی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ امکان ہے کہ امریکہ پاکستان سے بننے والی مصنوعات پر 15 سے 19 فیصد تک کا ٹیرف عائد کرے گا، جو کہ بھارت کی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف کے مقابلے میں کم ہو سکتا ہے، جیسا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے لیے 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تیل کی تلاش میں باہمی تعاون وہ ایک بڑا میدان ہو سکتا ہے جہاں دونوں طرف سے قریبی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر پاکستان بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ویتنام اور دیگر علاقائی و مسابقتی معیشتوں کے مقابلے میں 5 سے 10 فیصد کم ٹیرف حاصل کرنے میں کامیاب رہتا ہے، تو پہلے مالی سال میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات 10 سے 15 فیصد تک بڑھ سکتی ہیں۔ آئندہ سالوں میں یہ مزید بڑھ سکتی ہیں بشرطیکہ صنعت نے بی ایم آر (بیلنسنگ، ماڈرنائزیشن، اور ریپلیسمنٹ) میں سرمایہ کاری کی ہو تاکہ موجودہ صنعتی یونٹس کو نئی مشینری کی خریداری کے ذریعے بہتر بنایا جا سکے، کارکردگی، مصنوعات کے معیار، اور مسابقت کو بہتر بنایا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید