• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائبر کرائم ایجنسی کا افسر بن کر خواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزم گرفتار

کراچی( ثاقب صغیر )نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کا افسر بن کر خواتین کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز منگوا کر انھیں بلیک میل کرنے والے مشہور ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔ این سی سی آئی اے ملتان نے فیصل جٹ نامی مشہور ٹک ٹاکر کو این سی سی آئی اے کا افسر بن کر متاثرہ خواتین کو دھوکہ دہی ، بلیک میلنگ، بھتہ خوری، جعلسازی اور جنسی استحصال میں ملوث مجرمانہ گینگ چلانے پر گرفتار کیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم نے اپنے ٹک ٹاک پلیٹ فارم کو ہراساں کیے جانے کے بارے میں آگاہی ویڈیوز پوسٹ کرنے کے لیے استعمال کیا، آن لائن دھمکیوں کا سامنا کرنے والی خواتین میں اعتماد حاصل کیا اور خود کو NCCIA کے افسر کے طور پر ظاہر کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ سے منسلک ہونے کا دعویٰ کیا۔حکام نے بتایا کہ ایک خاتون ( ح ) جو کہ لودھراں کی رہائشی ہے کی فرحان نامی شخص سے دوستی ہوئی،سوشل میڈیا پر اس شخص کا نام سجاد تھا۔ملزم فرحان نے خاتون کو شادی کا جھانسہ دے کر اس کی تصاویر اور ویڈیوز حاصل کیں اور پھر خاتون کو بلیک میل کرنے لگا۔متاثرہ خاتون نے سوشل میڈیا پر قانونی مدد کے لیے سرچ کیا تو اسے ایک ٹک ٹاکر فیصل جٹ ایڈوکیٹ کی ویڈیوز ملیں جن میں وہ سوشل میڈیا کے حوالے سے آگاہی فراہم کر رہا تھا۔خاتون نے اس سے رابطہ کیا تو فیصل جٹ نے خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے خاتون کو مدد کی یقین دہانی کروائی اور اس سے پیسے طلب کیے۔پیسے وصول کرنے کے بعد ملزم نے تانیہ نامی خاتون کا واٹس ایپ نمبر متاثرہ خاتون کو دیا اور بتایا کہ تانیا کا تعلق ایف آئی اے سائبر کرائم سے ہے،ملزم نے خاتون کو انصاف فراہم کرنے کے لیے مذکورہ قابل اعتراض ویڈیوز بھیجنے کا کہا جس پر خاتون نے اس نمبر پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز بھیج دیں جبکہ ملزم نے خاتون سے 3 لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم بھی وصول کی۔حکام کے مطابق ملزم خاتون کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتا رہا تاہم ملزم فرحان اس کے باوجود خاتون کو بلیک کرتا رہا جس پر خاتون نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سے رابطہ کیا۔حکام نے بتایا کہ ملزم فیصل شہزاد عرف فیصل جٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم فرحان اس وقت بیرون ملک ہے جس کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید