سرگودھا(نمائندہ جنگ)سرگودھا میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی میانوالی میں جوڈیشل کمپلکس پر حملہ کرنے ، سرکاری ریکارڈ کو جلا دینے، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے گرفتار ملزم اسماعیل کو 25سال قید کی سزا کا حکم جبکہ عمر ایوب ، احمد خان بھچر، احمد چھٹہ ، بلال اعجاز سمیت50ملزمان کو اشتہاری قرار دیدیا ۔ انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت کے جج محمد نعیم شیخ نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ مقدمہ کے مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے ، عدالت میں فیصلے سے قبل پی ٹی آئی کے وکلاء پیش ہوئے اور واحد گرفتار ملزم پر جرح کی گئی ، جس کے بعد عدالت نے گرفتار ملزم اسماعیل کو 25 سال قید کا حکم سنایا اور عمر ایوب ، احمد خان بھچر، احمد چھٹہ ، بلال اعجاز سمیت 50ملزمان کو اشتہاری قرار دیکر تمام ملزمان کو ایک ماہ کے اندر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔