• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹیلی جنس ناکامی، چینی پی ایل 15 کی رینج کا غلط اندازہ، بھارتی رافیل کی تباہی کا سبب، برطانوی میڈیا کی رپورٹ

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانوی خبر رساں ادارے نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے جدید ترین لڑاکا طیارے کو مار گرانے کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7مئی کی رات 110 طیاروں کی شرکت سے دہائیوں کی سب سے بڑی فضائی لڑائی دیکھنے کو ملی۔ چینی ساختہ پی ایل15میزائل سےمتعلق بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی بھارتی طیارے رافیل کے گرنےکا سبب بنی۔ پاکستان نے کامیاب الیکٹرانک وارفیئر حملے کے ذریعے بھارت پر اپنی فضائی برتری ثابت کردی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھارتی حملے کے پیش نظرکئی دنوں سےآپریشن روم میں موجود تھے۔ 200کلومیٹر دور سے پاک فضائیہ کا وار، مغربی ہتھیاروں پر سوالات، چینی اسلحے میں عالمی دلچسپی بڑھی۔ رافیل کی تباہی نے مغربی ساختہ جنگی ہتھیاروں کی کارکردگی پرسوالات کھڑےکردئیے۔ 7 مئی کی رات پاکستان ائیرفورس کے ریڈار پر بھارت کے درجنوں طیاروں کی پوزیشن دیکھی گئی، بھارتی طیاروں کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد ائیرچیف نے چینی ساختہ جے 10 سی طیارے روانہ کرنے کا حکم دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نےخاص طور پربھارت کے رافیل طیاروں کونشانہ بنانےکاحکم دیا اور کہاکہ بھارت کے رافیل طیارے کو ٹارگٹ کیا جائے۔رپورٹ میں ائیرچیف ظہیر بابرسدھو کے احکامات سے متعلق پاک فضائیہ کے سینئر افسر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کہاکہ رافیل ہی چاہیے، پاکستانی ائیر چیف نے چینی ساختہ جے ٹین سی کے ذریعے بھارتی رافیل گرانے کا حکم دیا اور پاکستان نے بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7 مئی کی رات 110 طیاروں پر مشتمل دہائیوں کی سب سے بڑی فضائی لڑائی ہوئی۔ پاک فضائیہ نے رافیل طیارے کو 200 کلومیٹر دور سے نشانہ بنایا۔ رافیل طیارے کی تباہی کے بعد فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کے شیئرز گرگئے تھے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی حکام نے اعتراف کیاکہ بھارتی انٹیلی جنس ناکامی کے باعث بھارتی پائلٹس کو غلط فہمی ہوئی، پی ایل 15 میزائل کی رینج بھارتی اندازوں سے کہیں زیادہ نکلی۔ خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ ماہرین کے مطابق پاکستان بھارت کے درمیان جنگ میں110 طیاروں نےحصہ لیا اور اس لڑئی کو دہائیوں میں دنیا کی سب سے بڑی فضائی جھڑپ تصور کیا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اس جنگ میں کامیاب الیکٹرانک وارفیئرحملےکا دعویٰ کیا، پاکستان بھارت جنگ کے بعد کئی ممالک کی جانب سے چینی لڑاکا طیاروں کی خردیاری میں دلچسپی لی جارہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید