لاہور(خصوصی رپورٹر)سیکرٹری پرائس کنٹرول نے کہا ہے کہ کین کمشنر آفس تمام اضلاع کی طلب کے مطابق متصل اضلاع سے سپلائی یقینی بنائے، انہوں نے ہدایت کی کہ عام مارکیٹ میں چینی کی سپلائی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت موجودہ چینی سپلائی کی صورتحال پر اجلاس ہوا، کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا نے چینی کی سپلائی اور دیگر امور بارے تفصیلی بریفنگ دی ،دوسری جانب ترجمان پرائس کنٹرول کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 480دکانداروں کیخلاف چینی کی قیمتوں میں ناجائز منافع خوری پر کارروائیاں کی گئیں، پنجاب بھر میں43 افراد گرفتار،16کیخلاف مقدمات درج جبکہ 437افراد کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں، صوبہ بھر میں اب تک36ہزار933افراد کیخلا ف کارروائیوں میں1777 افراد گرفتار جبکہ287کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔