اسلام آباد (ساجد چوہدری )پاکستان کے پارلیمانی نظام میں سب سے بڑا عہدہ وزیراعظم کا ہونے کے باوجود اس کی تنخواہ ماتحت وزراء ، ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں کے مقابلے میں آدھی سے بھی کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی تنخواہ کے مقابلے میں وزیراعظم کے عہدہ کی تنخواہ نہ ہونے کے برابر ہے، اس وقت اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کی تنخواہ 13لاکھ روپےجبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہ حالیہ اضافے کے بعد 5لاکھ 19ہزار روپے ہے ، ان کے مقابلے میں وزیراعظم پاکستان کے عہدے کی تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے ، تاحیات سیکورٹی ،ٹیکسز میں چھوٹ ، عہدہ چھوڑنے پر پنشن یا مالی فوائدکا مستحق نہیں ،ذرائع نے بتایا کہ موجودہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اپنے عہدے کی تنخواہ نہیں لے رہے ہیں ، حال ہی میں سینٹ میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے پیش کردہ وزیراعظم پاکستان کو ملنے والی تنخواہ، الاؤنسز ، مراعات اور ریٹائرمنٹ کے بعد کی سہولیات کی تفصیلات میں انکشاف ہوا کہ وزیراعظم پاکستان کے عہدہ کی بنیادی تنخواہ 107280روپے ہے جبکہ دیگر الاؤنس کو ملایا جائے تو یہ تنخواہ تقریباً دو لاکھ روپے بنتی ہے۔