اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی میں اضافے کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کی ٹیکس وصولی اور اصلاحاتی اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی‘ کسانو ں کو کم لاگت قرض کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی ترقی و معیشت میں اہم مقام رکھتی ہیں۔منگل کوفیڈرل بورڈ آف ریونیو میں مجوزہ اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہناتھاکہ جی ڈی پی میں ٹیکس وصولی کے تناسب میں اضافہ حکومت کے لیے قابل اطمینان ہے، وفاقی حکومت اور میں بذات خود حکام کی طرف سے لیے گئے اصلاحاتی اقدامات کی مکمل حمایت اور تحفظ کروں گا،آئندہ مالی سال میں پہلے سے عائد کردہ ٹیکسز کا موثر اور عمدہ نفاذ ٹیکس کلیکشن کو مزید بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔