سندھ ہائی کورٹ نے شہری خرم شاہ کی بازیابی کا معاملہ لاپتہ افراد کمیشن میں بھیجنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ لاپتہ شہری ذوالفقار، مہران، شاہ جہاں اور سارنگ واپس آگئے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ذوالفقار میرانی پولیس اہلکار ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ دماغی مسائل کی وجہ سے گھر سے نکل گیا تھا۔
لاپتہ شہری اسد اللّٰہ کی گرفتاری پولیس نے ظاہر کر دی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اسے پولیس نے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمہ ختم کیا جائے۔
اس پر عدالت نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی درخواست پر آپ مقدمہ ختم کرنے کی استدعا کیسے کر رہے ہیں؟ آپ کی درخواست بازیابی سے متعلق تھی جو اب غیر مؤثر ہو چکی ہے۔