کراچی(اسٹاف رپورٹر) پرو ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت اور مالی اخراجات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کی سر براہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔کمیٹی کا اجلاس پیر گیارہ اگست کو طلب کیا گیا ہے، جس میں سیکریٹری آئی پی سی، سیکریٹری خزانہ، ہاکی فیڈریشن، پی ایس بی نمائندوں کو رکھا گیا ہے۔ پی ایچ ایف نے پرولیگ کے سلسلے میں ٹیم کے سفر، رہائش، ڈیلی الاؤنسزسمیت دیگر اخراجات کیلئے 35کروڑ روپے گرانٹ کی درخواست کررکھی ہے ۔ ایونٹ کیلئے پی ایچ ایف کو سخت ڈیڈ لائن کا سامنا ہے، ایف آئی ایچ نے 16 اگست تک حتمی جواب طلب کیا ہے۔ پی ایچ ایف نے حکومت کو ورکنگ پیپر جمع کرایا ہے، جس میں فروری 2026 میں شروع ہونے والی سال بھر کی لیگ میں پاکستان کی شرکت کیلئے 350 ملین روپے کی گرانٹ کی درخواست کی گئی ہے۔ ساتھ ہی تجویز دی ہے کہ رقم براہ راست مجوزہ کمیٹی کے ذریعے یا پاکستان اسپورٹس بورڈ کو دے، جس میں سفر، رہائش، یومیہ الاؤنسز، کھلاڑیوں اور معاون عملے کیلئے لاجسٹکس کا تعین کیا جائے۔