• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیس سال بعد پاکستانی وزیراعظم جاپان کا دورہ کریں گے

اسلام آباد (عرفان صدیقی ) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جاپان کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ دورے میں  بڑے معاشی پیکج اور اہم معاہدوں کا اعلان متوقع  ہیں ، یہ دورہ حکومتِ جاپان کی خصوصی دعوت پر عمل میں آ رہا ہے اور بیس سال بعد کسی پاکستانی وزیراعظم کا پہلا دورۂ جاپان ہوگا۔ اس سے قبل 2005 میں اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز نے جاپان کا دورہ کیا تھا۔ اس تناظر میں 2025 کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی حیثیت رکھتا ہے۔  جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 17 اگست کو پانچ روزہ سرکاری دورے پر جاپان روانہ ہوں گی۔ یہ دورہ حکومتِ جاپان کی خصوصی دعوت پر ہو رہا ہے اور اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جاپانی حکومت اس دورے کو بھرپور اہمیت دے رہی ہے اور اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں اور مشترکہ اقدامات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے کے دوران جاپانی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک بڑے معاشی و تجارتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔اسلام آباد میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شُوئچی (Akamatsu Shuichi) نے اس دورے کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور یہ دورہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔۔روزنامہ جنگ سے خصوصی گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور اس ملک کو ایک ترقی یافتہ، مہمان نواز اور اصول پسند ریاست سمجھتے ہیں۔ دورے کے دوران مریم نواز شریف پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے وژن کے تحت ایک خصوصی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کریں گی، جس میں جاپانی سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔۔اسلام آباد میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شُوئچی (Akamatsu Shuichi) نے اس دورے کو پاکستان اور جاپان کے تعلقات کی مضبوطی اور پاکستان کے سافٹ امیج کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف کی باوقار اور مثبت شخصیت جاپان میں پاکستان کا مؤثر اور خوشگوار تعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوگی، جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔اس دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گی، جس کی تیاری مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کو سونپی گئی ہے۔ جاپانی میڈیا اور سفارتی حلقے بھی اس دورے کو نہایت دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں اور اسے دونوں ممالک کے لیے تعاون اور ترقی کا نیا باب قرار دے رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید