پیارے بچو! یہ تو آپ کو معلوم ہو گا کہ 14اگست ہماری آزادی کا دن ہے، اس لیے آپ سب کو پیشگی پاکستان کی سالگرہ مبارک ہو۔ یقیناََ آپ اس دن کے آنے کی تیاریاں زور و شور سے کر رہے ہوں گے۔ یہ دن ہم سب کے لیے بہت خاص اور اہم ہوتا ہے۔
اس دن ہمیں ایک علیحدہ ملک ملا تھا، جہاں ہم آزادی کے ساتھ اپنی مرضی سے زندگی گذار رہے ہیں۔ آپ جانتے ہیں ناں کہ آزادی سے پہلے ہم پر انگریز حکومت کرتے تھے۔مسلمان اور ہندو غلامی کی زندگی گذار رہے تھے، نہ اپنی مرضی سے دین کے کام کرسکتے تھے اور نہ ہی اپنی تہذیب و اقدار کے مطابق رہ سکتے تھے۔
بچو!قائداعظم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کربڑی جدو جہد کے بعد اسے حاصل کیا تھا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ آزادی حاصل کرنے کے بعد کیا ہوا تھا؟ اگر نہیں علم تو ہم آپ کو بتاتے ہیں۔ آزادی حاصل کرنے کے بعد تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت ہوئی تھی۔
یعنی لاکھوں مسلمان اپنا گھر بار، روزگار، سازوسامان چھوڑ کر بڑی مشکلیں اور تکلیفیں اٹھا کر پاکستان پہنچے تھے، راستے میں مسلمانوں کے قافلوں پر ہندو اور سکھوں نے حملے کرکے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کردیا تھا، کتنے ہی معصوم بچے یتیم و بے سہارا ہوگئے تھے۔
جس کے بعد انہوں نے بہت مشکل زندگی گذاری لیکن آج وہ خوش ہیں، اپنے بزرگوں پر فخر کرتے ہیں کہ جن کی قربانیوں کی وجہ سےانہوں نےایک آزاد ملک میں سانس لی۔ یہ ان ہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم آزادی کے ساتھ اپنی مرضی کی زندگی گذار رہے ہیں۔
پیارے بچو! اپنا گھر چھوڑکر جانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔ آپ اپنے گھر کو دیکھیں کہ اس میں آپ کی پسند کی کتنی چیزیں ہوں گی، کھلونے، کپڑے، اچھے پڑوسی، دوست ہوں گے، اسکول ہوگا اگر خدانخواستہ آپ لوگوں کو اپنا پیارا گھر چھوڑ کر کہیں جانا پڑے تو کتنا مشکل لگے گا ناں لیکن پاکستان کی محبت میں ہمارے بزرگ اپنا سب کچھ چھوڑ کر مشکلات جھیل کر پاکستان آئے تھے، تاکہ ہم یعنی ان کی آئندہ نسلیں ایک آزاد وطن میں زندگی گذار سکیں۔
14اگست آنے میں چند دن ہیں لیکن ہر سو ہمارےپرچم لہلہا رہے ہیں۔ گھروں میں بازاروں میں چراغاں ہے۔ آپ نے بھی اپنے گھروں پر جھنڈے لگالیے ہوں گے اور والدین نے آپ کے لیے ہرے، سفید کپڑے بھی بنائے ہوں گے جو یومِ آزادی والے دن پہنیں گے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ کچھ بچوں نے تو جھنڈیوں اور سفید ہری ننھی ننھی روشنیوں سے گھر کو سجایا ہوا ہے۔ ہر طرف قومی نغمے اور ترانے بھی بجنا شروع ہوگئے ہیں۔
موسمِ گرما کی تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے ہیں اور یوم آزادی کی تیاریاں بڑے جوش و خروش سے شروع ہوگئی ہیں لیکن ساتھیو! ملک کے لئے صرف جھنڈے، جھنڈیاں لگانا، ہرے کپڑے پہننا اور چراغاں کرنا کافی نہیں بلکہ ملک کے لئے اور بھی بہت کچھ کرنا ہوتا ہے۔
سب سے پہلے تومحب ِ وطن ، اچھا پاکستانی بننا ضروری ہے۔ یہ دن ہمیں سمجھاتا ہے کہ ہم اپنے ملک سے محبت کریں، اس کی خدمت کریں ، اسے صاف ستھرا رکھیں، جو کام بھی کریں ایمانداری سے کریں، خوب دل لگا کر تعلیم حاصل کریں، تاکہ اپنے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر لے جا سکیں۔
ہمارا وطن بہت قیمتی ہے ہمیں اس کی جی جان سے حفاظت کرنا چاہیے۔ بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا ،" کام ،کام، کام اور صرف کام "ہمیں اپنے قائد کی بات پر عمل کرنا ہوگا، دن رات محنت کرنی ہوگی۔ آپ سب بچے ہی تو پاکستان کے معماراور ملک کا روشن مستقبل ہیں تو آج عہد کریں کہ محنت کرکے اپنے ملک کو صاف، خوبصورت، پر امن، کامیاب اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ آئیے سب ملکر نعرہ لگائیں، پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ۔