کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بور ڈ کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پی سی بی نے ہفتے کی شب ان کے استعفی کی تصدیق کی ہے۔ٹونی ہیمنگ نے پچھلے برس بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد پی سی بی جوائن کیا تھا اب وہ دوبارہ بنگلہ دیش بورڈ سے بات چیت کررہے ہیں۔ان کا دوسالہ معاہدہ ایک سال میں ختم ہوگیا۔ پی سی بی نے مختصر پریس ریلیز میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وہ پچوں کی تیاری میں پی سی بی حکام کے رویے سے خوش نہیں تھے، ٹونی ہیمنگ پاکستان میں انٹرنیشنل معیار کی پچیں بنانے میں ناکام رہے تھے۔