کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات جاری ،مرکزی تقریب جمعرات 14اگست کو منعقد ہوگی ، وائس چانسلر مہمان خصوصی ہونگی ،تقریبات کا آغاز یکم اگست کو انٹرا ڈی یوایچ ایس ان ڈور گیمز سے جمنازیم میں ہوا جو 13 اگست تک جاری رہیں گے مجلسِ تقریر و ادب، جامعہ ڈاؤ برائے علومِ صحت کے زیرِ اہتمام ایک شاندار آل کراچی کوئز مقابلے معرکۂ حق عزمِ عالی شان 3.0 کا انعقاد کیا گیا، جو ڈاؤ کالج آف فارمیسی اوجھا کیمپس میں منعقد ہوا۔اس بین الجامعاتی مقابلے میں کراچی بھر کی مختلف جامعات اور اداروں سے طلباء و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ علمی، تاریخی اور معلوماتی موضوعات پر مشتمل اس کوئز میں شرکاء نے اپنی قابلیت، حاضر جوابی اور قومی تاریخ سے وابستگی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سنبل شمیم، پرنسپل و ڈین ڈاؤ کالج آف فارمیسی تھیں، جبکہ منصفین کے فرائض ناصر علی اور مس سوباریا خان نے انجام دیےاس مقابلے میں مختلف اداروں کی ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں سے ڈاؤ کالج آف فارمیسی کی ٹیم فاتح قرار پائی۔ ڈاؤ کالج آف بایو ٹیکنالوجی نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن محمد علی جناح یونیورسٹی کی ٹیم کے حصے میں آئی۔