ٹوکیو (جنگ نیوز) جاپان میں باکسنگ ایونٹ کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے 2 باکسر چل بسے ۔ 28 سالہ باکسر کو ہیروماسا اوراکاوا 2 اگست کو یو جی سائٹو کے خلاف ناک آؤٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہیں سر پر چوٹ لگنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ ہفتے کو جان کی بازی ہار گئے ۔ اس سے قبل جمعے کو 28 سالہ شیگیتوشی کوٹاری بھی سر پر چوٹ لگنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ انہیں 2 اگست کو مقابلے کے بعد سر پر چوٹ آئی تھی۔ دونوں باکسرز کا دماغ میں خون جمنے کے بعد فوری آپریشن کیا گیا تھا ۔ ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واقعے کے بعد جاپان باکسنگ کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اب تمام اورینٹل اینڈ پیسفک باکسنگ فیڈریشن ٹائٹل فائٹس 12 کے بجائے 10 راؤنڈز پر مشتمل ہوں گی۔ جاپانی میڈیا کے مطابق کمیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔