کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں معرکہ حق اور پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں رنگا رنگ پروگرام ’میلوڈیز آف فریڈم - شوکیسنگ پاکستانی کلچر‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین(ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) کی میزبانی میں ہونے والے اس تقریب کے مہمانِ خصوصی متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی جبکہ اعزازی مہمان سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ، حکومت سندھ محمد عباس بلوچ تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد اے آئی سے تیار ویڈیو پول کا فاتح ویڈیو پیش کی گئی ۔ بصیرت اسکول کے طلبہ نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا جبکہ کشمیری، سندھی، بلوچی، پشتو اور پنجابی ثقافتی پرفارمنسز نے حاضرین کو محظوظ کیا ۔ طلبہ نے اپنے اپنے خطے کی تاریخ اور ثقافت پر مختصر مگر معلوماتی تقاریر بھی پیش کیں۔مہمانِ اعزاز محمد عباس بلوچ اور مہمانِ خصوصی متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی اپنے خطاب میں پاکستان کی ثقافتی تنوع کو سراہا اور ایسے پروگرامز کو قومی یکجہتی کے فروغ کا ضامن قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر سووینئر اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پُر وقار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔