کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد اجلاس میں صوبائی سطح پر امن و امان کی مجموعی صورتحال اور اس تناظر میں سیکیورٹی انتظامات اور اقدامات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں، اجلاس کے شرکاء کو "معرکہ حق"،"یوم آزادی" اور "چہلم امام حسینؓ کے موقع پر تقاریب،مجالس و جلوسوں کے مقامات، راستوں،گذرگاہوں اور پارکنگ کے انتظامات اور سیکورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس کو بتایا گیا چہلم کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،آئی جی سندھ نے کہا کہ 13 اگست کو معرکہ حق اور یوم آزادی کی مناسبت سے متعدد تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہےکہ فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے ماہر اورباصلاحیت افسران کو اہم فرائض تفویض کیئے جائیں ، آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ تمام ڈی آئی جیز جشن آزادی اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقعوں پر فول پروف سیکیورٹی حکمت عملی ترتیب دیں، چہلم سیکیورٹی کے لیئے اضافی نفری دی جاچکی ہے، یوم آزادی،چہلم و دیگر تقریبات کے انعقاد سے قبل سوئپنگ سرچنگ اور کلیئرنس کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔