کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی وکرپشن اوربلند و بالا عمارتوں کی بڑھتی ہوئی تعمیر کے باعث کراچی کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے،آج سے 20سال قبل یونیورسٹی روڈ سرسبز و شاداب علاقہ تھا، اعداد و شمار کے مطابق صرف ریڈ لائن منصوبے کے تحت 14 ہزار درخت ختم کئے گئے،کراچی کے شہر ی پانی، بجلی، گیس، سیوریج،ٹوٹی سڑکیں،مسلح ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، ، ہم ”حق دو کراچی“ تحریک کے ذیعے عوامی مسائل پر مسلسل آواز بلند کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ ثریا بجیا پارک، بلاک 1، گلستان جوہر میں ”آؤ گلستان جوہر سرسبز بنائیں“ شجر کاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا،منعم ظفر خان نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں یوسی چیئرمینز کے ہمراہ پودا بھی لگایا ۔