اسلام آباد( نیو زرپورٹر)وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کئی تجاویز پیش کیں جن میں ثقافتی تبادلوں میں اضافہ، مشترکہ موسیقی کی ترویج اور ورثہ کے تحفظ کے منصوبوں میں شراکت شامل ہیں۔انہوں نے 2024ء تا 2029ء کے ثقافتی تبادلہ پروگرام پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا جو جولائی 2024ء میں صدر آذربائیجان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران دستخط ہوا تھا۔سفیر نے آذربائیجان میں 18 سے 28 ستمبر تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی میوزک فیسٹیول کا بھی ذکر کیا جو معروف آذربائیجانی موسیقار ازیر حاجی بیوف کی یاد میں ہوگا۔