کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی حادثے کے بعد ڈمپرز جلانے کا واقعہ، 20افراد تاحال زیر حراست ہیں جس سے تفتیش جاری ہے، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست جن افراد کیخلاف ثبوت ہونگے، انکو مقدمات میں نامزد کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پرتیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کی ہلاکت کے واقعے کے بعدمشتعل افراد کی جانب سےڈمپرجلائے جانے کیخلاف درج مقدمات میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کا کریک ڈائون دوسرے روز بھی جاری رہا۔ پولیس نے ان مقدمات میں 4 افراد کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔تفتیشی حکام نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں یوسف پلازہ، ایف بی صنعتی ایریا اور دیگر علاقوں میں کیں جبکہ دو روز کے دوران 30 سے زائد افراد کو حراست میں لےلیا۔ 10 سے زائد افراد کو تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا، 20 افراد تاحال حراست میں ہیں۔ حادثہ کے بعد مشتعل افرادکی جانب سے ڈمپرجلانے کے واقعہ میں ملوث4افرادکو یوسف پلازہ اوتھانہ میں مختلف دفعات کے تحت درج مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔