کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کے الیکٹرک کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف کیس کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کردیا۔ اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل سمیت9ٹاؤن چیئر مینز نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس میں نیپرا نے درخواست پر اپنے اعتراضات اور جواب جمع کروادیا۔ نیپرا نے جواب میں کہا کہ درخواست گزاروں نے متبادل فورم کی موجودگی میں عدالتی کارروائی شروع کی۔ درخواست ناقابل سماعت ہے مسترد کی جائے۔ ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد نے نیپرا کو لوڈ شیڈنگ سے متعلق شکایت درج کروائی، ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد شکایت کی متعدد سماعتوں میں سے صرف ایک سماعت پر خود پیش ہوئے، ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد کی شکایت پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو علاقے میں ترسیل کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔