• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی ثالثی عدالت نے پاکستان کے موقف کی تائید کردی، اٹارنی جنرل

اسلام آباد ( جنگ نیوز) پاکستان کے اٹارنی جنرل منصور عثمان نےکہا ہے کہ عالمی ثالثی عدالت نے اسلام آباد کے مؤقف کی تائید کی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ بھارت کو پاکستان کی جانب بہنے والے دریاؤں پر نئے پن بجلی گھروں کے ڈیزائن میں سندھ طاس معاہدے کی پابندی کرنی ہوگی۔ بھارت نئے پن بجلی گھر عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر نہیں کر سکتا۔ انہوں نے منگل کوبرطانوی خبر رساں ایجنسی کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجموعی طور پر عدالت نے پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کیا ہے، خاص طور پر نئے پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن کے معاملے پر۔ مجھے یقین ہے کہ اب یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ بھارت ان منصوبوں کو عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر نہیں کر سکتا۔1960کے سندھ طاس معاہدے کے تحت مغرب کی طرف بہنے والے تین دریا پاکستان کو دئیے گئے تھے، جبکہ بھارت کو تین مشرقی دریا ملے۔ پاکستان کو خدشہ ہے کہ اس کا ہمسایہ ملک بھارت ان تین دریاؤں کے بہاؤ کو روک کر اس کے مرکزی آبی ذخائر کو متاثر کر سکتا ہے، جن پر ملک کی 80 فیصد زراعت اور پن بجلی کا انحصار ہے۔

ملک بھر سے سے مزید