لاہور ( نیوزایجنسیاں) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں سزا پانے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔ رپورٹ کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان کو آگ لگانے سمیت دو مقدمات میں گزشتہ روز سنائے گئے فیصلے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق عدالت نے تمام مجرموں کو قید بامشقت کی سزا سنائی اور حکم دیا کہ مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنا ہونگی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری، محمودالرشید، عمر سرفرازچیمہ اور یاسمین راشد کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔ دوسری جانب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے 2 کیسز میں رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔