اسلام آباد(نیوزرپورٹر/ایجنسیاں)قومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی (ترمیمی) بل 2024 کی منظوری دے دی جس کے تحت مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کسی بھی مشکوک شخص کو تین ماہ تک حفاظتی حراست میں رکھنے کی مجاز ہوں گی ۔ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جا سکے گا۔بل کی حمایت میں 125جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ آئے۔ تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے کالا قانون قرار دیدیا۔جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ قانون سازی کے ذریعے پاکستان کے ہرشہری کو مجرم قرار دے دیا گیا۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نےکہا کہ ایک ماہ میں 4 میجر شہید ہوئے ہیں‘ یہ قانون بنانا ضروری ہے، ہمیں فورسز کی مدد کرنی ہے‘ علاوہ ازیں ایوان زیریں نے پٹرولیم ایکٹ ترمیمی بل 2025ء کثرت رائے سے منظور کرلیا‘ پٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و عمل پر 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا.