کراچی ( سہیل افضل ) کاروباری برادری نے عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی رپورٹ کو پاکستان کے لئے گڈنیوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا ،یہ اس بات کی بھی علامت ہے کہ ہماری معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہو رہے ہے ،فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی )کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ موڈیز کی اپ گریڈیشن سے ایل سی اور بینک گارنٹی کی ویلیو بڑھے گی ،ہمارے سکوک کا ریٹ بہتر ہو گا،سابق صوبائی وزیر اور معروف صنعت کار ایس ایم تنویر نے موڈیز کی اپ گریڈیشن رپورٹ کو پاکستان اور پاکستانی معیشت کے لئے گڈ نیوز قرار دیا،ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ موڈیز کی پاکستان بارے مثبت رپورٹ سے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا ،خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبریں آرہی ہیں بھارت پر ٹیرف میں اضافہ، پاک امریکا تجارتی معاہدہ اور عالمی اداروں کی مثبت رپورٹس سے ملکی معیشت کو سپورٹ ملے گی،انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت معاشی اصلاحات پر عمل یقینی بنائے ،شرح سود اور بجلی کا ٹیرف کم کرے تاکہ ملک کی انڈسٹری بھی چلے،کیپیٹل سیکورٹیز کے ظفر موتی نے موڈیز کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک علامتی رپورٹ ہوتی ہے ، دنیا کو ہم یہ بتا سکتے ہیں کہ ہم بہتری کی جانب گامزن ہیں،ابھی تک ہماری ریٹنگ ،سی، ہے جبکہ ایک وقت میں یہ ،بی پلس، تھی تاہم اچھی بات یہ ہے کہ ہم ایف کے چکر سے نکل آئے ہیں ،معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہوتی ہے ، ایک وقت میں ہم بینک کرپٹ ہو گئے تھے ہمارے چین ،امریکا سمیت تمام ممالک سے تعلقات خراب ہو چکے تھے لیکن اب صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اس وقت ہماری انڈسٹری تکلیف میں ہے اسے مسائل سے نکلنے میں 5 سال کا عرصہ لگے گا، ہمارے ہاں غربت بہت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اس کے لئے انڈسٹری کی بحالی بہت ضروری ہے ،سابق صوبائی وزیر اور معروف صنعت کار ایس ایم تنویر نے موڈیز کی اپ گریڈیشن رپورٹ کو پاکستان اور پاکستانی معیشت کے لئے گڈ نیوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہم معاشی بہتری کی جانب گامزن ہیں تاہم موڈیز نے اپنی رپورٹ میں جن خدشات کا اظہار کیا ہے اور اصلاحات پر عمل درآمد کے لئے کہا ہے انھیں نظر انداز نہیں کرنا چاہے اس کے ساتھ حکومت فوری طورپر شرح سود میں کمی کرے اور بجلی ٹیرف کم کرے تاکہ ہماری انڈسٹری چلے ،انھوں نے کہا کہ امریکا نے بھارت پر ٹیرف میں اضافہ کر کے ہمیں بہترین موقع دیا ہے ،تاہم ہمیں انڈسٹری کو ریلف دے کر کوشش کرنا ہوگی کہ یہ مواقع بنگلہ دیش یا ویتنام نہ چلے جائیں ،انھوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں صورتحال بتدریج بہتر ہو گی ۔