کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں کی لازوال قربانیوں اور جدو جہد کے نتیجے میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، بد قسمتی سے قائد اعظم کی وفات کے بعد سے ہی ملک میں ظلم اور استحصال کا نظام قائم ہے نجات کا راستہ بھی عوامی مزاحمت اور جدوجہد ہی ہے، جماعت اسلامی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے 78”ویں یوم آزادی“ کے موقع پر ادارہ نور حق سے متصل نیو ایم اے جناح روڈ پر پرچم کشائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،منعم ظفر خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پرچم کشائی کی، شرکاء نے قومی ترانہ بھی پڑھا،پرچم کشائی کی تقریب میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے، جماعت اسلامی کی جانب سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی تقسیم کیے گئے۔