کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوست آزادی کا جشن ضرور منائیں لیکن کام پر بھی توجہ دیں ،خالد مقبول صدیقی اور مصطفی کمال وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں، انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی کے عوام کو حب ڈیم سے نئی کینال کے ذریعے اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کو ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے منوایا کہ کام کون کرتا ہے اور صرف بات کون کرتا ہےانہوں نے کہا کہ بعض حلقے حب کینال سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ کینال بہہ گئی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نئی کینال کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری نے کردیا اور پرانی کینال کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے،دریں اثنا مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب سے خطاب کیا۔