کراچی (اسٹاف رپورٹر) پوری قوم کی طرح قومی کھلاڑیوں نے بھی جشن آزادی بھرپور طریقے سے منایا اور اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا ، ون ڈے کپتان محمد رضوان، بابراعظم ، شاہین شاہ آفریدی ، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء، سدرہ امین، سدرہ نواز، سنچری میکر منیبہ علی سمیت تمام مرد و خواتین کھلاڑیوں کی جانب سے آزادی کی مبارکباد دی گئی۔ سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کر کے قوم کو یومِ آزادی کی مبارک باد دی۔ سوشل میڈیا پر انہوں نے سبز ہلالی پرچم کی تصویر شیئر کرکے انہوں نے لکھا کہ 14 اگست، ایک یاد دہانی ہے کہ ہم کون ہیں، پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے۔ ان کے علاوہ پیرس اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین، اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان، خاتون ایتھلیٹ نسیم حمید، ٹیبل ٹینس کھلاڑی حور فواد، ہاکی کپتان حماد شکیل بٹ، ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ ودیگر نے اپنے اپنے بیانات میں کہا کہ اس بار معرکہ حق کی کامیابی سے یوم آزادی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔