کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر چلی گئی ہے ، ویسٹ انڈیز دسویں سے نویں نمبر آگئی ہے۔ مارچ2027تک دنیا کی آٹھ ٹاپ ٹیمیں براہ راست ورلڈ کپ2027 میں کوالی فائی کریں گی ۔ ادھر نئی پلیئرز رینکنگ میں بابراعظم 2020 کے بعد پہلی بار ٹاپ ٹو سے باہر ہوگئے ہیں۔ بھارت کے ون ڈے کپتان روہت شرما بغیر کوئی میچ کھیلے دوسری جبکہ شبمن گل پہلے نمبر پر آگئے۔ محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 23 ، صائم ایوب 9 درجہ تنزلی کے بعد 46 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بابراعظم کی ٹی20 رینکنگ میں بھی تنزلی کرتے ہوئے 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، ٹاپ 10 میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی موجود نہیں ہے۔ بھارت کے ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ دوسرے نمبر پر تلک ورما موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ نے 6 درجہ چھلانگ لگاکر ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں ۔ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی بولرز کے ٹاپ 10 میں بھی پاکستان کا کوئی بولر شامل نہیں۔