کراچی( اسٹاف رپورٹر) پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن پسماء کے چیرمین دانش الزماں نے کہا ہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی موجودہ جاری کردہ دہم جماعت سائنس گروپ کے نتائج کے حوالے سے والدین کی جانب سے مختلف شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کئی طالب علم ایسے ہیں جن کو امتحانات میں شریک ہونے کے باوجود نتائج میں غیر حاضر قرار دیا جا رہا ہے۔ کئی طالب علموں کو امتحانات میں بہترین کارکردگی دکھانے کے باوجود مختلف پرچوں میں فیل قرار دیا جا رہا ہے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے پورٹل پر بھی نتائج کبھی فیل اور کبھی پاس کے دکھائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوھو سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پہ ان مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے اور طالب علموں کو ان کے صحیح نتائج فوری جاری کئے جائیں۔