ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان ڈویژن کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا،95 کلومیٹر طویل اور 25 ارب روپے کی لاگت سے وہاڑی روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا جاچکا ہے، منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،منصوبے کی تکمیل سے تینوں اضلاع کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ روزانہ 24 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے ,M4 موٹر وے سے اضلاع منسلک ہونگے، خطے کی معیشت کو فروغ ملے گا، کمشنر عامر کریم خاں نے ملتان، خانیوال اور وہاڑی اضلاع میں جاری سڑک پر تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت دی کہ سڑک کی تعمیر کیساتھ ساتھ بس شیڈز اور نکاسیٔ آب کا خصوصی نظام بھی بنایا جائے تاکہ آبادی والے علاقوں میں بارش کے پانی سے سڑک کو نقصان نہ پہنچے، انہوں نے کہا کہ سڑک کی بحالی اور اضافی کیرج وے کی تعمیر ایک ساتھ جاری ہے اور فنڈز کی فراہمی حکومت پنجاب کی جانب سے یقینی بنائی جا رہی ہے،کمشنر نے ترقیاتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہاڑی روڈ کی تکمیل سے ملتان ڈویژن کے عوام کا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔