کوئٹہ (خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر)مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسداد تجاوزات، پرائس کنٹرول، غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خاتمے اور غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔جس میں ڈپٹی کمشنرکوئٹہ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں عوامی مفاد کے پیش نظر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور گراں فروشی کے انسداد کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نگرانی میں کارروائی مزید سخت کی جائے۔ انہوں نے غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے فوری خاتمے اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے انخلا کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)کوئٹہ محمد انور کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کوئٹہ وقار کاکڑ ، تمام سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔