کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے چشمہ اچوزئی میں کارروائی کرتے ہوئے قبضہ شدہ اسکول کو واگزار کرا لیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کچلاک احسام الدین کاکڑ نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کی نگرانی میں دیگر عملے کے ہمراہ کلی چوہی چشمہ اچوزئی میں کارروائی کرتے ہوئے 10 سال سے غیر فعال اسکول کو غیر قانونی قابضین سے واگزار کرایا۔کارروائی کے دوران اسکول کی دیوار مسمار کرکے مرکزی راستہ بھی بحال کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ فعال ہوں اور عوامی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔