• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردو یونیورسٹی کے ملازمین کی 3 ماہ کی تنخواہوں، 5 ماہ کی پنشن کا مطالبہ کرنے پر سیکریٹری کو معطل کرنے کی مذمت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ اردو کراچی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے گہ ملازمین کو 3 مہینوں کی تنخواؤں 5 مہینوں کی پنشن اور 11 مہینوں کی ہاؤس سیلنگ ادا نہیں کی گئی جس کیلئے اسلام آباد کیمپس کے اساتذہ نمائندے اسسٹنٹ پروفیسر جمال اکرم نے شیخ الجامعہ کو ای میل کی۔ جس کی پاداش میں اسی روز اسسٹنٹ پروفیسر کو بغیر کسی فورم کی منظوری کے معطل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے جامعہ اردو کے ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ جامعہ اردو کے ملازمین کی عید الفطر ہو یا عید الاضحی انتظامیہ سے اپنی تنخواؤں پنشن اور ہاؤس سیلنگ کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے گزر جاتی ہے۔ آخری تنخواہ مئی کی ادا کی گئی ہے جبکہ جامعہ اردو کے ملازمین 12 مہینے کی ہاؤس سیلنگ جو کہ 2 ماہ کی تنخواہ کے برابر ہے اس سے محروم ہیں جبکہ انتظامیہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے پاور ہراسمنٹ کی حکمت عملی پر چلتے ہوئے منتخب اساتذہ نمائندوں کو ملازمین کے حقوق اور ان کے واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے پر شوکاز نوٹسز جاری کرنے اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ انجمن کی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ اپریل کے مہینے میں جناب روشن علی سومرو (صدر انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس و رکن نومینٹنگ کمیٹی) کو شو كاز نوٹس دیا گیا تھا اور جون کے پہلے ہفتے میں جناب سید اقبال حسین نقوی( رکن نومینٹنگ کمیٹی) کو شو كاز نوٹس جاری کیا گیا اور اب 7 اگست کو ای میل کے ذریعے تنخواؤں کا مطالبہ کرنے پر اسسٹنٹ پروفیسر جمال اکرم کو معطل کردیا گیا ہے۔ انجمن اساتذہ کے ترجمان نے انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اس طرح کے امرانہ ہتھکنڈوں سے گریز کرتے ہوئے تمام تر توجہ ملازمین کی جائز اور بنیادی مسائل کو حل کرنے پر صرف کی جائے۔ انجمن اساتذہ کے ترجمان نے صدر پاکستان و چانسلر اور وفاقی وزیر تعلیم و پرو چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے موجودہ بحران کا نوٹس لے کر اس صورتحال میں مداخلت کریں اور اساتذہ کیخلاف انتقامی کارروائیوں کو رکوانے اور ملازمین کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ملک بھر سے سے مزید