• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی اطلاعات، سرکاری ٹی وی کیلئے جامع کاروباری منصوبہ تیار کرنیکی ہدایت

اسلام آباد(طاہر خلیل) قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے وزارت سے کہا ہے کہ وہ سرکاری ٹیلی ویژن کیلئے ایک جامع کاروباری منصوبہ تیار کرے۔ کمیٹی نے آمدنی کے حصول کیلئے دیگر ریونیو اسٹریمز تلاش کرنے کی بھی ہدایت کی،کمیٹی کا موقف تھا کہ وہ کسی ادارے کو ختم ہوتے نہیں دیکھ سکتی،کمیٹی کا اجلاس پیمرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ایم این اے پلین بلوچ کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے سرکاری ٹی وی کی موجودہ حالت پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ اس کی موجودہ حالت میں لانے کے ذمہ داروں اور اسباب کی نشاندہی کیلئے انکوائری کی جانی چاہیے جہاں یہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں اور دیگر مالی مراعات کی ادائیگی میں پیچھے نہیں رہا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کمیٹی کو بتایا کہ ایک جامع مارکیٹنگ حکمت عملی تیار کی گئی اور اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے سرکاری ٹی وی کی اوور ہالنگ کی جا رہی ہے، ریونیو جنریشن کے لیے انٹرنیشنل اور لوکل کرکٹ ٹورنامنٹس کے کھیلوں کے حقوق حاصل کیے گئے،سرکاری ٹی وی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا شکار ہے تاہم حکومت کی جانب سے گرانٹ کے اجراء سے اس کی مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں آسانی ہوگی، کمیٹی نے پیمرا سے متعلق ایجنڈا لیتے ہوئے قانون سازی کے مقدمات کو نمٹانے کی کابینہ کمیٹی سے اپنے قوانین کی منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے رائے دی کہ ویب ٹی وی اور او ٹی ٹی پلیٹ فورمز کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہے۔ کمیٹی کا یہ بھی خیال تھا کہ مذہبی اور سماجی اصولوں کی سختی سے پابندی ضروری ہے اور ریگولیٹری فریم ورک کی عدم موجودگی میں اسے حاصل نہیں کیا جا سکتا، کمیٹی نے پیمرا کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی اور سماجی اصولوں کے مطابق نہ ہونے والے اشتہارات کی ٹیلی کاسٹ کی نگرانی کرے اور مناسب کارروائی کرے۔ کمیٹی نے پیمرا سے یہ بھی کہا کہ وہ پیمرا قانون کے تحت ذمہ دار ٹی وی چینلز پر عوامی خدمت کے پیغامات کی نشریات کی نگرانی کرے،کمیٹی نے وزارت کو ہدایت کی کہ وہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے پنشن اکاؤنٹس میں اربوں روپے کے غبن سے متعلق ایف آئی اے کے ساتھ کیس کی سرگرمی سے پیروی کرے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اے پی پی کی موجودہ انتظامیہ کو اس اسکینڈل کا پردہ فاش کرنے کے لیے کریڈٹ دینے کی ضرورت ہے،مزید بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ،کمیٹی نے کے پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ورثا سے تعزیت کی۔ کمیٹی نے حکومت کی امداد اور بحالی کی کوششوں کا اعتراف کیا اور سراہا ، کمیٹی نے معرکہ حق ایوارڈز حاصل کرنے پر وزیر اور سیکرٹری اطلاعات کو بھی مبارکباد دی۔

ملک بھر سے سے مزید