• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ سیاست کا نہیں، خدمت کا وقت ہے، وفاقی ادارے متحرک ہوں، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ریلیف آپریشن میں مدد کیلئے وفاقی کابینہ کی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وفاقی، صوبائی حکومت کی کوئی تقسیم نہیں، ہمیں متاثرین کی مدد و بحالی یقینی بنانا ہے، مصیبت زدہ پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد ہماری قومی ذمہ داری ہے، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا اور لوگوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں و سیلاب کے متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم اور اجلاس کے شرکا نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی ۔شرکا کو این ڈی ایم اے اور وفاقی وزرا کی جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں، پاک فوج و دیگر اداروں کی جانب سے اب تک متاثرین کے لیے 456 ریلیف کیمپس کے قیام کے ساتھ ساتھ 400 ریسکیو آپریشن کیے جاچکے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹرکوں کے قافلوں کو ترجیحی بنیادوں پر پہلے بھیجا جائے۔

اہم خبریں سے مزید