کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صدر الخدمت فاونڈیشن بلوچستان انجینئر جمیل احمد کرد اور جنرل سیکرٹری عبدالمجید سربازی نے کہا ہے کہ بارش و سیلاب نے خیبرپختونخوا میں بہت بڑی تباہی مچائی ہے ، الخدمت فاونڈیشن کی مرکزی و پختونخوا کی ٹیم ریلیف پہلے دن سے متاثرین کی مدد کے لئے دن رات مصروف ہیں ، بلوچستان کے مخیر حضرات مصیبت کی اس گھڑی میں پریشان حال عوام کی مدد کیلئے الخدمت فاونڈیشن کا ساتھ دیں ۔ یہ بات انہوں نے فاونڈیشن کے اجلاس سے خطاب ، ذمہ داران اور وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب و بارش میں سینکڑوں لوگ شہید ، زخمی اور سیکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔ بستیاں مٹ گئیں ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں اس المناک صورتحال میں الخدمت کے رضا کار متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے و ریلیف ورک میں دن رات مصروف ہیں ۔ خوراک و امدادی سامان تقسیم سمیت مراثرین کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔