اسلام آباد(صالح ظافر)اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ تنظیم رکن ممالک کے مابین ثقافتی، مذہبی اور معاشی رشتوں پر مبنی قدرتی تعاون کا پلیٹ فارم ہے جس میں تجارت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای سی او ٹریڈ ایگریمنٹ (ECOTA) اور ویزہ اسکیم کے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے لیے وجودی خطرہ ہے، اس لیے قابلِ تجدید توانائی اور پانی کے انتظام میں تعاون بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ توانائی کنیکٹیویٹی اور سیاحت کے فروغ میں پیش رفت ہوئی ہے تاہم نجی شعبے کی زیادہ شمولیت ضروری ہے۔ خنکندی میں ہونے والی 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کو انہوں نے تاریخی قرار دیا جس نے رکن ممالک کے درمیان کنیکٹیویٹی، تجارتی سہولت اور پائیدار ترقی کے عزم کو دوبارہ اجاگر کیا۔